گھوٹکی: ٹکٹوں کی تقسیم کا جھگڑا، پی پی مصالحتی مشن رہنماؤں کو منانے میں ناکام
گھوٹکی (نوائے وقت رپورٹ) ٹکٹوں کی تقسیم پر جیالے آمنے سامنے آ گئے۔ پیپلز پارٹی کا ناراض جیالے رہنماؤں کو منانے کے لئے مصالحتی مشن ابھی تک ناکام۔ جیکب آباد کے بعد مصالحتی ٹیم گھوٹکی پہنچ گئی۔ پیپلز پارٹی کی مصالحتی ٹیم پی ایس 18 سے امیدوار جام مہتاب ڈھر کے گھر پہنچی۔ پارٹی سردار شہر یار شر کو ٹکٹ دینا چاہتی ہے۔ جیکب آباد میں پی ایس3 سے ناراض جیالے رہنما ممتاز جکھرانی نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ رات گئے مراد علی شاہ کی زیر قیادت مصالحتی کمیٹی ممتاز جکھرانی کو راضی نہ کر سکی۔ ذرائع کے مطابق خیرپور سے پی ایس 31 کنگری کی نشست پر منظور وسان اور بچل شاہ آمنے سامنے ہیں۔ کراچی میں بھی پیپلز پارٹی نے مختلف نشستوں پر امیدوار تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پی ایس 93 کورنگی سے امیدوار کو تبدیل کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ایس 121غربی کی نشست پر بھی امیدوار تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔ مراد علی شاہ، قائم علی شاہ، نثار کھوڑو کی سربراہی میں الگ الگ مصالحتی کمیٹیاں ناراض جیالے رہنماؤں کو منا رہی ہیں۔