انتخابات کا منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہونا انتہائی ضروری: زبیر احمد ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ جتنا انتخابات کروانا ضروری ہے ان کا منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہونا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔ جس طرح عالمی برادری نے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اسی طرح ہمارے سیاستدانوں نے یکسر جانبدارانہ انتخابات پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ انتخابات ضروری ہیں مگر اس کے لئے ہر صورت الیکشن کمیشن، حکومت اور عدلیہ کو غیر جانبدار بھی ہونا چاہیے۔ وہ فردوس مارکیٹ گلبرگ میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے امیدوار حلقہ NA 128 سے چوہدری محمد زاہد، NA 119 سے پروفیسر عدنان فیصل ایڈووکیٹ، PP 170 سے میاں احسان الٰہی اور PP 163 سے میاں محمد اصغر کی کامیابی یقینی ہے۔ اگر دھاندلی نہ ہوئی تو ہمارے امیدوار ہی کامیاب ہوں گے۔ آخر میں علامہ زبیر احمد ظہیر نے مولانا مسعود عثمانی پر قاتلانہ حملے کو ملکی امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی، اتحاد و اتفاق پر حملہ قرار دیا اور حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے۔