اپوزیشن کا بائیکاٹ ، عوامی لیگ پھر الیکشن جیت گئی ، حسینہ واجد 5 ویں بار وزیراعظم بنیں گی
ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ) عام انتخابات میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے پانچویں بار کامیابی حاصل کر لی۔ الیکشن کمشن کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کی حکمران جماعت عوامی لیگ نے انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ اور اْن کی اتحادی جماعتوں نے 300 پارلیمانی نشستوں میں سے کم از کم 223 نشستیں جیت لی ہیں، ان نتائج کے بعد اب حسینہ واجد مزید پانچ سال تک اقتدار میں رہیں گی۔ ووٹنگ کا تناسب گزشتہ عام انتخابات کے مقابلے میں50 فیصد کم رہا، 2018ء میں ووٹنگ کا تناسب 80 فیصد تھا اور موجودہ انتخابات میں صرف 40 فیصد رہا۔ ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے عام انتخابات کے بائیکاٹ کیا تھا ووٹرز ٹرن آؤٹ کم رہا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں ووٹرز کی بڑی تعداد نے اپوزیشن کی بائیکاٹ مہم کا ساتھ دیا۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے لیے انتخابات میں نشستیں جیتنے والوں میں بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور مایہ ناز کرکٹر شکیب الحسن بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ان انتخابات کے قبل حزب اختلاف کی بڑی جماعت بی این پی کے رہنماؤں اور حامیوں کی بڑی پیمانے پر گرفتاریاں اور کریک ڈاؤن کیا گیا تھا موجودہ اپوزیشن جماعت جتیا پارٹی صرف گیارہ سیٹیں لے سکیں۔