غزہ: بمباری سے مزید 113 فلسطینی شہید ، الاقصی شہدا ہسپتال پر حملہ سے 600 مریض ، عملہ لاپتہ
تل ابیب+ غزہ (این این آئی+ آئی این پی) اسرائیلی فوج کی بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 113 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہاکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 250 فلسطینی زخمی ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 22 ہزار 835 ہوگئی۔ وسطی غزہ کے دیرالبلاح میں الاقصی شہداء ہسپتال پر ڈرون حملے میں کئی مریضوں اور عملے کے افراد کی شہادتوں کا خدشہ ہے۔ سربراہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق غزہ میں بھاری بمباری، نقل و حرکت کی پابندی اور رابطوں میں خلل نے ہمارے لیے طبی ساز و سامان پہنچانا تقریباً ناممکن بنا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے دیرالبلاح میں اسرائیلی حملے میں اب تک 8فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے 600 سے زائد مریضوں اور طبی عملے کے لاپتا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی نے تین سالہ بچی کو گولی مار دی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے پھر کہا ہے کہ مقاصد کے حصول تک جنگ جاری رہے گی۔ یہ بات وارکیبنٹ کے اجلاس میں کہی۔