عمران بے گناہ تو باہر ہونا چاہئے، سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار پہلے سے زیادہ نہیں ، بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر سیاسی امور، انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیالات بھی کیا گیا۔ پاکستان میں امریکی مشن کے قائم مقام ترجمان تھامس مونٹگمری کے مطابق فریقین نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کی اہمیت اور یو ایس پاکستان گرین الائنس فریم ورک میں پیشرفت کے موضوعات پر بھی گفتگو کی۔ قبل ازیں بھٹو کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسٹیبشلمنٹ کا کردار سیاست میں پہلے سے زیادہ نہیں بڑھا، ایسا نہیں ہے کہ اب برا ہورہا ہے ماضی میں اس بھی برا ہوچکا ہے۔ خان صاحب اگر بے گناہ ہیں تو انہیں جیل میں نہیں ہونا چاہئے، اگر گناہ گار ہیں تو جیل میں ہونا چاہیے۔ امید ہے کہ انتخابات کے فوری بعد اس بھٹوکیس کا فیصلہ آجائے گا۔ امید ہے ہمیں اس کیس میں انصاف ملے گا اور تاریخ درست ہوسکے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو ہر صورت ہوں گے۔ یہ پہلی بار ہوگا کہ کراچی کا بلدیاتی، سندھ کا صوبائی اور پاکستان کا وفاقی نظام پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں اثرو رسوخ کے ذریعے پی ٹی آئی کو زبردستی بلا دلوایا گیا تھا کیوں کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ ہم پر جعلی کیسز بنائے جارہے تھے تو خان صاحب کہتے تھے ادارے آزاد ہیں وہاں صفائی پیش کریں۔ تو آج خان صاحب کو بھی چاہیے کہ اداروں سے رجوع کریں۔ جو خان صاحب نے کیا وہی بھگت رہے ہیں۔ جیلوں میں ڈالے جانے کی اور مقدمات بنانے کی روایت صحیح نہیں ہے مگر یہ روایت خود خان صاحب نے قائم کی۔ سب سے پہلے انہیں توبہ کرنی چاہیے اور آئندہ ایسی روایات کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ سیاست دانوں اور سیاسی کارکنوں کو ایسی سزا ملنی چاہیے؟۔ انہیں اپنا موقف تبدیل کرنا چاہیے۔ ہم دشمنی کے بجائے اختلاف رکھتے ہیں لیکن خان صاحب اسے جمہوریت نہیں اسے مک مکا کہتے ہیں۔ شور کیا جارہا ہے کہ کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ اگر گزشتہ انتخابات دیکھے جائیں تو یہ کوئی نئی بات نہیں۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آج بھی مقصد یہی ہے کہ میں کھیلوں گا کوئی اور نہیں، ان کا مقصد آج بھی جمہوریت نہیں۔