• news

چاہتا ہوں پرویز الٰہی باہر آئیں اور الیکشن لڑیں: شافع حسین

گجرات (نامہ نگار) سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری شافع حسین نے گجرات پریس کلب کے نو منتخب صدر سید نوید شاہ ، جنرل سیکرٹری دائود شفیع اور انکی کابینہ کو مبارکباد دینے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو بلیک میل کر کے حکومت میں آنے کا ٹرینڈ غلط ہے۔ میں ذاتی طور پر چاہتا ہوں پرویز الہٰی باہر آئیں اور الیکشن لڑیں۔ ہمشیہ یہی کہا ہے چوہدری برادران کو اکٹھا چلانا چاہیے۔ مگر پرویز الہٰی فیملی نے دو سال قبل خود ہی فیصلہ کرلیا تھا سیاست اپنی اپنی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں میرے مقابلے میں آصف زرداری نے امیدوار نہ کھڑا کرنے کی ذمے داری لی۔ ہمارے حمایتیوں کو بیرون ممالک سے دھمکی آمیز کالیں کی جارہی ہیں۔ لوگوں کو ہماری حمایت سے روکنے کیلئے پیسوں کی آفرز کی جارہی ہیں۔ گجرات میں صرف قومی اسمبلی کے ایک حلقہ این اے 64 اور دو صوبائی حلقوں پی پی 31,32 پر ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ ہو رہی ہے۔ چوہدری شجاعت حسین کے بھائی وجاہت حسین نے خود این اے 62، 63 سے  ن لیگ کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے انکار کیا ہے۔ وجاہت حسین کے بیٹے حسین الہٰی، موسی الہیٰ مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر ہی الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سالک حسین، میں سیاست میں نئے نہیں۔ 2004 سے پرویز الٰہی، شجاعت حسین کے الیکشن لڑرہے ہیں۔ شافع حسین نے کہا کہ پا کستان میں اس وقت فیک ٹرینڈز چلا کر کنفیوژن پیدا کی جارہی ہے۔ نو مئی کو ایک پارٹی کے یوتھ ونگ کا صدر بوتل بم بنا کر جی ایچ کیو پر پھینکتا رہا۔ 9 مئی کے واقعے میں ملوث عناصر نے اداروں کو بلیک میل کرنے کے ساتھ نوجوان نسل کے ذہنوں سے کھیلا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ 2004ء سے والد کے حکم پر سالک حسین کے ساتھ ملکر دوسروں کیلئے گجرات کے گلی محلوں میں الیکشن مہم چلائی۔ الحمدللہ! اب میدان میں ہوں‘ مسلم بازار سے االیکشن مہم کا آغاز کروں گا۔ اس موقع پر سٹی صدر مسلم لیگ (ق) علی ابرار جوڑا، صدر سید نوید شاہ ،جنرل سیکرٹری دائود شفیع، سابق صدور عبدالستارمرزا، محمود اختر محمود، راجہ ریاض احمد راسخ، اعجاز شاکر دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن