ہمارا اعتراض یہ ہے ’’اکانومسٹ‘‘ میں شائع ہونے والا آرٹیکل کس کا ہے: سولنگی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے سائبر شواہد موجود ہیں۔ تحریک انصاف تحریک عدم اعتماد کے بعد اپنے ہی فیصلوں سے سیاست سے آؤٹ ہوئی۔ گیسٹ کالم کے حوالے سے ’’دی اکانومسٹ‘‘ کے دعوے کی کوئی بنیاد نہیں۔ ہمارا اعتراض مضمون پر نہیں بلکہ اس جریدے پر ہے۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما خود اس مضمون کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی پروگراموں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافت کی بنیادی اقدار ہوتی ہیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ کسی کا مضمون کسی دوسرے شخص کے نام سے شائع کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اعتراض یہ ہے کہ جو آرٹیکل ’’دی اکانومسٹ‘‘ نے شائع کیا وہ کس کا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ’’دی اکانومسٹ‘‘ میں شائع ہونے والے مضمون کے مندرجات پر پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین بھی اتفاق نہیں کرتے۔ اس مبینہ آرٹیکل میں یہ بھی لکھا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد امریکی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’دی اکانومسٹ‘‘ کو اپنے قارئین سے سچ بولنا چاہئے۔