بنگلہ دیش میں الیکشن شفاف ہوئے نہ نتائج تسلیم کرتے ہیں، امریکہ، برطانیہ
واشنگٹن/ لندن (آئی این پی+ این این آئی) امریکہ اور برطانیہ نے بنگلا دیش کے قومی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ بنگلہ دیش میں انتخابات صاف اور شفاف نہیں ہوئے۔ بنگلہ دیش میں تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ اپوزیشن رہنمائوں کی گرفتاریوں پر تشویش ہے۔ امریکا نے دیگر مبصرین کے ساتھ اپنے تاثرات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ بنگلا دیش کے انتخابات میں تمام جماعتوں نے حصہ نہیں لیا۔ دوسری جانب برطانیہ نے بھی بنگلا دیش کے قومی انتخابات کے نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ ترجمان برطانوی وزارت خارجہ نے کہا کہ بنگلا دیش میں انتخابات جمہوری طریقہ کار اور قوانین کے تحت نہیں ہوئے۔ بنگلہ دیش میں تشدد اور خوف و ہراس کی مذمت کرتے ہیں۔ برطانوی وزارت خارجہ نے بنگلا دیش میں حزب اختلاف کے رہنمائوں کی گرفتاریوں پر تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد کی پارٹی نے اپوزیشن کے بائیکاٹ کے بعد پارلیمانی انتخابات میں تین چوتھائی نشستیں حاصل کی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے الیکشن شفاف تھے نہ غیر جانبدار‘ عدم اعتماد کا اظہار کیا۔