پاکستان، سعودیہ، ترکیہ کے عسکری حکام کا دوسرا اجلاس: تعاون بڑھانے کا اعادہ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عسکری حکام کا سہ فریقی دفاعی تعاون کا دوسرا اجلاس جی ایچ کیو میں ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اجلاس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی سازوسامان کی ٹیکنالوجیز کے علاوہ تحقیق اور ترقی میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ تینوں فریقوں نے مشترکہ مقاصد کی تکمیل اور دفاعی شعبے میں خود کفالت کے حصول کے لیے تینوں دوست ممالک کے فکری، تکنیکی، مالی اور انسانی وسائل کو یکجا کرنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ اس کے علاہ تینوں ممالک نے تاریخی برادرانہ تعلقات کو تسلیم کرتے ہوئے سہ فریقی تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے اور مشترکہ اہداف کے حصول میں تعاون کی رفتار کو بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ تینوں فریقوں نے فروری 2024 کے دوران سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی دفاعی شو کے دوران سہ فریقی دفاعی صنعتی تعاون پر اگلی میٹنگ بلانے پر اتفاق کیا۔