190 ملین پاؤنڈ کیس، شہزاد اکبر، فرح گوگی، زلفی بخاری کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 190 ملین پائونڈ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر، ذلفی بخاری اور فرح گوگی کے اثاثے اور بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت نے 190 ملین پائونڈ کیس میں 6 ملزمان کے اثاثے اور بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کی اشتہاری ملزم فرح گوگی، شہزاد اکبر کی جائیداد کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائی گئیں، جن کے مطابق فرح شہزادی کی موہڑہ نور اسلام آباد میں سو سو کنال اور ایک چالیس کنال کی اراضی منجمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ لاہور اور اسلام آباد کے پوش علاقوں میں سات مختلف پلاٹس فرح گوگی کی ملکیت ہیں جنہیں عدالت نے منجمد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے فرح گوگی کی 22 لگژری گاڑیاں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ فرح گوگی کے پاکستانی ، امریکی اور برطانوی کرنسی کے 29 بنک اکاؤنٹس بھی منجمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مرزا شہزاد اکبر کا لاہور کا کمرشل پلاٹ اور 24 بنک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ زلفی بخاری کے 3 بنک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے مجموعی طور پر 83 بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے وکیل ضیاء المصطفی نسیم و دیگر ملزمان کے بھی اثاثے اور بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔