پاکستان نے یو اے ای کو 2 ارب ڈالر قرض مؤخر کرنے کی درخواست کر دی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی درخواست کردی۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے صدر کو خط لکھا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کا بتانا ہے کہ یو اے ای سے 2 ارب ڈالر کا قرض جنوری میں میچور ہو رہا تھا۔ یو اے ای کی جانب سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں رکھوائے گئے ہیں۔ ایک ارب ڈالر 17 جنوری اور ایک ارب ڈالر 23 جنوری کو میچور ہو رہے ہیں۔ ایک ارب ڈالر پر 3 فیصد اور ایک ارب ڈالر پر 6.5 فیصد کی شرح سود عائد ہے۔ ذرائع کے مطابق یو اے ای کی جانب سے 2 ارب ڈالر کا ڈپازٹ جلد رول اوور کیے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ کی قرض رول اوور کرانے کیلئے بات چیت جاری ہے۔