• news

کتاب اور لائبریریوں میں عدم دلچسپی ایک المیہ

 امتیاز اقدس گورایا
imtiazaqdas@gmail.com
پڑھنے پڑھانے کے لیے انگلستان کا سفر زندگی کا حصہ رہی اس لیے برطانوی سماج خصوصاً عوامی اور تعلیمی زندگی کو بار بار قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا رہا مجھ سے سوال پوچھا گیا کہ لندن کیوں پرکشش سٹی کہلاتا ہے لمحہ بھر توقف کے بعد جواب دیا کہ یہاں کہ 329 کتب خانے آنے والوں کو سحر زدہ کر لیتے ہیں آج بھی دنیا کے کسی شہر کو اتنی بڑی تعداد میں لائبریریاں رکھنے کا اعزاز میسر نہیں اسے علم دوستی کہہ لیں اہل برطانیہ کی کتابوں سے رغبت کہہ لیں یا انگلستان کے باسیوں کی نئے علوم میں دفن جستجو۔لائبریریاں معاشرے کا تعارف اور روشن چہرہ کہلاتی ہیں پورے برطانیہ میں 3667 لائبریریاں دنیا کی بڑی آبادی کی گرویدہ ہیں امریکہ میں 2020 تک لائبریریوں کی تعداد 17450 جبکہ چین میں یہ تعداد3303 بتائی گئی پڑوسی ملک بھارت میں 14963 لائبریریاں حکومت اور شہریوں کے ذوق کا پتہ دے رہی ہیں ۔اب ذرا 14 اگست 1947 کو معرض وجود میں آنے والی مملکت خدا داد کا تذکرہ کرتے ہیں دستیاب معلومات کے مطابق پاکستان میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی کل لائبریریوں کی تعداد صرف 307 ہے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں موجود 10 کتب خانے  ہماری اور ہماری حکومت کی علم دوستی اور کتاب دوستی کا اعلان کررہی ہے۔ہم اسلام کے قلعہ پاکستان کی بات کررہے ہیں ہم ان محبان اسلام کی بات کر رہے ہیں جن کی پہلی سانس کا آغاز اقراء   سے ہوتا ہے۔
قرآن مجید جسے الکتاب بھی کہا گیا ہے ، اس مقدس کتاب میں بے شک مکمل ضابطہ حیات ہے اسی کتاب میں جہاں پر نبی کریم ؐکو پڑھنے کی تلقین ہوتی وہاں پر اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم سب کے لئے پڑھنے کا حکم ہے قرآن پاک سے پہلے زبور، تورائیت اور انجیل اللہ پاک کتابیں آ چکی تھیں اس لئے پہلی کتاب کب مرتب ہوئی اس کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا مگر قرآن پاک میں پہلے کتاب کا ذکر ہے پھر پہلی وحی میں پڑھنے کا حکم ہے اور پھر دو لوگوں کے درمیان کچھ لین دین ہو تو اس کو تحریر کرنے کا حکم ہے ان احکامات سے ہمیں کتاب تحریر اور تعلیم کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے انسانی تہذیب کی شروعات کی کہانی کتاب اور کتب خانوں کے تذکرے کے بغیر نامکمل اور ادھوری رہے گی جب انسان کاغذ اور تحریر سے ناواقف تھا تب بھی وہ اظہار رائے مختلف طریقوں سے کرتا تھا کبھی زمین پر لائنیں لگا کر کبھی پتھروں پر تصاویر بنا کر کبھی درختوں کی چھال پر نقش بنا کر جس کی مثال ہمیں فرعونوں کے اہرام مصر پر ملتی ہے برصغیر میں موہنجو داڑو ہڑپہ اور ٹیکسلا کی تہذیبوں سے بھی ملتی ہے شروع میں تو کتب خانے لوگوں نے ذاتی حیثیت میں ذاتی مفادات اور ذاتی استعمال کے لیے بنائے مگر جوں جوں کتب خانوں کی اہمیت اور شعور بیدار ہوا تو پھر عوامی سطح پر بھی کتب خانے وجود میں آنے لگے  انسانی زندگی میں یونانی تہذیب کا بہت عمل دخل ہے اور تقریبا آج کے موجودہ دور کی بنیاد اسی پر منحصر کرتی ہے چنانچہ اگر ہم یونان کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو ہمیں پتہ چلتا کہ اس دور میں لگ بھگ گیارہ سے بارہ سو کے قریب مصنفین موجود تھے جن کے اپنے اپنے کتب خانے تھے لیکن جو ٹھوس شواہد ملتے ہیں ان کی روشنی میں سب سے پہلا کتاب گھر ارسطو نے بنایا جس میں سینکڑوں کتابیں موجود تھیں مگر کتاب کو پڑھنے اور تحریر کو عروج مسلمانوں نے دیا۔ مسلمانوں کے دور حکومت میں ہارون الرشید اور اس کے بیٹے مامون الرشید نے بغداد میں باقاعدہ طور پر بیت الحکمت کے نام سے عظیم الشان کتب خانہ بنوایا جس سے عام لوگ بھی مستفید ہو سکتے تھے اور یہ وہی کتب خانہ تھا جسے ہلاکو خان نے تیرہویں صدی میں تباہ و برباد کر دیا تھا اس وقت اس عظیم الشان کتب خانے میں عربی، فارسی، سریانی، قبطی، اور سنسکرت کی دس لاکھ سے زیادہ کتابیں موجود تھیں۔ کتاب کی اہمیت کو ہم اس طرح بھی سمجھ سکتے ہیں کہ دنیا میں موجود تقریبا تمام مذاہب کے پاس اپنی اپنی متبرک کتب موجود ہیں کتابیں کسی بھی معاشرے کے افراد کی تعلیم و تربیت میں جو کردار ادا کر سکتیں ہیں اس سے ہم انکار نہیں کر سکتے ایک وقت تھا جب کتاب کو بہت اہمیت دی جاتی تھی اور صاحب علم لوگوں کے بارے میں بتایا جاتا تھا کہ فلاں شخص کا بہت مطالعہ ہے وطن عزیز میں تو زیادہ تر کتب خانے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں ہی تھے یا پھر بڑے بڑے سکولوں میں تھے اگر میں صرف لاہور کی ہی بات کروں تو یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کے علاوہ صرف پنجاب پبلک لائبریری اس کے بعد لارنس گارڈن میں کلب کی بلڈنگ کو ضیاء   الحق کے دور میں قائداعظم لائبریری میں تبدیل کر دیا گیا اور اس کے بعد پاکستان کی غالباً پہلی چلڈرن لائبریری بھی لارنس گارڈن کے سامنے بنائی گئی اور یہ وہ دور تھا جب پاکستان میں صرف پی ٹی وی کے علاوہ الیکٹرانک میڈیا دور دور تک نہیں تھا اور ہم سب اس وقت تک انٹرنیٹ سے کوسوں دور تھے بلکہ مکمل طور پر انٹرنیٹ سے ناواقف تھے 90 کی دھائی میں جب انٹرنیٹ نے عوام میں قدم جمانے شروع کیے تو پوری دنیا میں ایک بہت بڑی تبدیلی کا آغاز ہوا اس تبدیلی سے جہاں پر انفارمیشن کے سیلاب کی شروعات ہوتی ہیں وہاں پر ہم سب آہستہ آہستہ ایسی چیزوں کو اپناتے گئے کہ ہمیں کچھ اچھی عادتیں چھوڑنے کا احساس تک نہیں ہوا ۔
 ہمارا رشتہ کتاب اور کتب خانے سے ٹوٹنا نہیں چاہیے کتاب اور کتب خانے کی اہمیت اپنی جگہ پر موجود ہے اور ہمیشہ موجود رہے گی مگر وقت کے ساتھ ساتھ اس میں جدید ٹیکنالوجی اور جدید بنیادوں پر تبدیلی کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن