• news

تاجر ٹیکسٹائل تک محدود رہنے کی بجائے برآمدات کا دائرہ بڑھائیں: سفیر یورپی یونین

 کراچی (کامرس رپورٹر) یورپی یونین نے پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس مزید چار سال کیلئے بڑھا رہا ہے برآمدی شعبہ فائدہ اٹھائے۔کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کی سفیر رائنا کیونکا نے کہا کہ تاجر صرف ٹیکسٹائل کی برآمدات تک محدود رہنے کے بجائے یورپی یونین کو اپنی برآمدات کا دائرہ کار بڑھائیں تاکہ پاکستان جی ایس پی پلس سٹیٹس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جی ایس پی پلس گزشتہ 10 سال کے دوران معاشی لحاظ سے انتہائی مثبت اور مفید رہا ہے کیونکہ اس نے یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 108 فیصد اضافہ کرنے میں مدد کی ہے۔ رائنا کیونکا نے کہا کہ پاکستان کے لیے یورپی یونین کا جی ایس پی پلس قوائد کے فریم ورک میں بغیر کسی تبدیلی کے بڑھا دیا گیا ہے۔ اس لیے 2027ء تک سب کچھ ویسا ہی رہے گا۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کے تحت جواہرات اور زیورات، سیاحت، دستکاری اور آٹو پارٹس وغیرہ کو ممکنہ شعبوں کے طور پر شناخت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 28 فیصد برآمدات یورپی سنگل مارکیٹ میں آتی ہیں جو کہ ایک اچھی تعداد ہے لیکن یہ بہت بڑی ہو سکتی ہے تاکہ جی ایس پی پلس کے بہتر استعمال کے ذریعے پاکستان کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں یورپی یونین کا وفد بھی پاکستان اور یورپی یونین کے بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم قائم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جواہرات اور زیورات کے شعبے میں بہت زیادہ صلاحیت ہے۔ اس لیے متعلقہ تاجروں کو چاہیے کہ وہ اس کی قدر و قیمت میں اضافہ کریں، خود یورپ برآمد کریں۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن