الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں: پرویز خٹک، منشور کا اعلان کر دیا
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی پارلمینٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 90 دن میں کچھ نہیں ہو سکتا۔ سسٹم کو ٹھیک کرنا پہلے لازمی ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے پارٹی منشور کا اعلان کردیا۔ تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کے مسائل حل کرنا ہیں، ہم نے پہلے بھی غریب کے بچوں کی تعلیم کیلئے اقدامات اٹھائے، چاہتا ہوں سرکاری سکولوں اور مدرسے میں ایک جیسی تعلیم ہو۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ایمرجنسی میں علاج فری کیا تھا، 18 لاکھ لوگوں کو صحت کارڈ پر علاج فراہم کیا، اب صحت کارڈ ختم کیا گیا ہے یہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کیلئے بجلی اور گیس کی آمدن کیلئے وفاق سے بات کریں گے۔ میں نے اپنے دور میں اڑھائی سو سمال ہائیڈرو پراجیکٹ تعمیر کئے ہیں۔ بجلی اور گیس ہم اپنی ضرورت سے زیادہ پیدا کرتے ہیں۔ یہاں سیاستدان اداروں کو ٹھیک سے کام نہیں کرنے دیتے۔ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ میں ای بلنگ متعارف کراؤں گا کیونکہ بلوں کے مسائل بہت زیادہ ہیں۔ پورے سسٹم کو بہتر بنانا ہے۔ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن کے حق میں ہوں۔ بانی پی ٹی آئی نے کچھ بھی نہیں کیا تھا، ان کو تو کچھ پتہ ہی نہیں تھا۔ سربراہ تحریک انصاف پارلیمنٹرینز نے کہا کہ صحت کارڈ، پولیس ریفارمز سب کچھ میں نے شروع کئے تھے۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس تو کوئی پلان ہی نہیں تھا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پی کے میں جو کام ہوئے وہ میں نے کئے ہیں۔ اگر بانی پی ٹی آئی کا پلان ہوتا تو یہ سب کچھ پنجاب اور دیگرصوبوں میں کیوں نہیں کیا گیا۔