لاکھوں کے ڈاکے‘ 3 کاریں‘ 9 موٹر سائیکل چوری: فیروز والا‘ مزاحمت پر ٹرک ڈرائیور قتل
لاہور‘ فیروز والا (نامہ نگاران) ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگرسامان لوٹ لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس میں یعقوب کے گھر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بناکر 6 لاکھ روپے، زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، ٹاؤن شپ میں نسیم اور فیملی سے ساڑھے 3 لاکھ روپے، زیوارت اور موبائل فون، غازی آباد میں حسنین سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، نشتر کالونی میں آفتاب سے 72ہزار روپے، گلشن اقبال میں مجیب سے گن پوائنٹ پر 52 ہزار روپے اور موبائل فون، شیراز سے 20 ہزار روپے اور موبائل فون، راوی روڈ میں عرفان سے 8ہزار روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں مزمل سے4ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے مصطفی ٹاؤن میں حیدرکے گھر سے 3 لاکھ 85ہزار روپے، زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ جوہر ٹاؤن، گلبرگ اور ساندہ سے 3کاریں جبکہ مانگا منڈی، شفیق آباد، اسلام پورہ، شاد باغ، باغبانپورہ، مناواں، ستوکتلہ، گلشن اقبال اور راوی روڈ سے 9 موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ علاوہ ازیں شرقپور کے قریب ڈمپر نہ روکنے پر ڈاکوؤں نے چلتے ہوئے ڈمپر پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ڈرائیور نوجوان محمد زبیر22 سالہ ہلاک ہو گیا۔ ملزمان فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ سرگودھا کا رہائشی نوجوان ڈرائیور محمد زبیر ڈمپر پر بجری لے کر موٹروے شرقپور کی طرف آ رہا تھا۔ اطلاع کے مطابق بروقت امداد نہ ملنے کے باعث موقع پر دم توڑ گیا۔ شرقپور پولیس نے مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے۔