• news

مقبوضہ کشمیر: نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل قابض فورسز کا آپریشن تیز، تلاشی کارروائیاں، کرفیو نافذ

سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ 26جنوری  سے قبل مقبوضہ کشمیر میں  محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ جموں کے ضلع سانبہ میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیاہے۔بھارتی فورسز نے سرینگر، کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل، بڈگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کولگام، رام بن، کشتواڑ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ٹرانسپورٹرز نے دو روزہ ہڑتال شروع کر دی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں منگل ٹرانسپورٹ ہڑتال کے باعث سامان اور مسافروں کی  نقل وحرکت متاثر رہی ، ہڑتال نئے بھارتی قانون ہٹ اینڈ رن کے مقبوضہ کشمیر میں نفاذ کے خلاف کی جارہی ہے ۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مودی کی بھارتی حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے فریضہ حج کی ادائیگی بہت سے کشمیریوں کی دسترس سے باہر ہوگئی ہے ۔ رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جمع کرائی گئی درخواستوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے کیونکہ 11ہزار5سو عازمین کے مختص کوٹے پر صرف 400خواہشمندوں نے ہی درخواستیں جمع کرائی ہیں ۔مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اورجموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ آرٹیکل 370مہاراجہ ہری سنگھ کی میراث تھی ، جسے غیر جمہوری، غیر آئینی اور یکطرفہ طور پر چھین لیاگیا۔

ای پیپر-دی نیشن