موجودہ حالات بہتر، خراب ترین میں بھی الیکشن ہوئے ہیں: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان میں خراب ترین حالات میں بھی الیکشن ہوئے ہیں، موجودہ صورتحال 2008 اور 2013 سے بہت بہتر ہیں، انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے، الیکشن کمیشن آمد معمول کا حصہ ہے۔ بدھ کو یہاں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد سے مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہیں، انتخابات کی کوریج کے لئے فارن میڈیا کی پاکستان آمد کے حوالے سے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ معلومات وزارت خارجہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان فراہم کریں گے۔ سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کے آغاز سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا، تمام جماعتیں اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر رہی ہیں، 15 جنوری سے مسلم لیگ (ن) نے بھی جلسوں کا اعلان کیا ہے، اس کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔