بھارت نے ڈھٹائی سے پاک فضائیہ کے آپریشن کو بھی مودی کی کامیابی قرار دے دیا
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) سابق بھارتی ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو بھی بھونڈے طریقے سے مودی کی کامیابی قرار دے دیا۔ انتخابات قریب آتے ہی مودی سرکار کی سستی شہرت کے ہتھکنڈوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حیران کن طور پر اجے بساریہ کئی سال خاموش رہنے کے بعد اچانک نمودار ہو کر مودی پروپیگنڈا کا آلہ کار بن گیا۔ اجے بساریہ نے دعویٰ کیا کہ ابھینندن کی پاکستان میں گرفتاری کے بعد مودی سرکار نے پاکستان پر 9 میزائل داغنے کا فیصلہ کر لیا تھا اور مودی نے پاکستانی وزیراعظم کی بارہا کی گئی کالوں کا کوئی جواب نہیں دیا تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی کے اس نئے پروپیگنڈے کا مقصد آنے والے انتخابات ہیں۔ حالیہ ڈرامے اور رام مندر کی بڑے پیمانے پر افتتاحی تقریب کا مقصد بھی انتخابات سے قبل مذہبی اور پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر ووٹ حاصل کرنا ہے۔ دفاعی ماہرین نے بھی مودی سرکار کے مضحکہ خیز بیان پر کہا کہ جس فوج نے دن دیہاڑے بھارت میں گھس کر اس کے دو جہاز مار گرائے ہوں اس بھارت کا یہ دعویٰ کرنا کہ پاکستان نے ڈر کے مارے ابھینندن کو رہا کیا تھا ایک لطیفے سے زیادہ کچھ نہیں۔