• news

بھارت: غنڈوں کی قرآن پاک کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت، مسیحی سکول پر حملہ

بھوپال+ رانچی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ میں ہندوتوا کے غنڈوں نے قرآن پاک کے ایک نسخے کی بے حرمتی کرنے کی ناپاک جسارت کی جس سے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ میں آر ایس ایس، بی جے پی، وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے جنونی غنڈوں نے ضلع جمتارہ میں فتح پور بازار کی مسجد کے قریب ایک میدان میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت کی۔ اس دل خراش واقعے پر مسلمانوں کی بڑی تعداد میدان میں جمع ہوگئی اور لوگ مشتعل ہوگئے۔ تاہم امام مسجد مولانا ذوالفقار نظامی نے لوگوں کے جذبات کو قابو میں رکھنے کی ہدایت کی اور ثبوت لے کر تھانے گئے۔ پولیس نے امام مسجد کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ علاوہ ازیں مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل کے ارکان کی قیادت میں ایک ہندو توا ہجوم نے ایک مسیحی مشنری سکول پر حملہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بیتول میں ہندوتوا بجرنگ دل کے ارکان اس وقت زبردستی سکول میں گھس گئے جب وہاں دعائیہ تقریب جاری تھی۔ حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ ہندوتوا کے ہجوم نے دعویٰ کیا کہ مسیحی برادری کے لوگ زبردستی تبدیلی مذہب میں ملوث ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن