• news

لاہور میں پارکنگ مافیا ہے، دل کا نیا ہسپتال 256 بستر پر مشتمل ہو گا: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے  قذافی سٹیڈیم میں کار ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹیسٹ دینے کیلئے مختص جگہ کا دورہ کیا اور کار ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹیسٹ دینے کیلئے بنائے گئے سنٹر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم میں ٹیسٹ دینے کیلئے مختص جگہ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹیسٹ کیلئے 8سنٹرز مناسب جگہ پر بنائے جائیں اور انہیں فوری طورپر فنکشنل کیا جائے تاکہ ٹیسٹ دینے والے شہریوں کو آسانی ہو۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ 16جنوری سے ڈرائیونگ لائسنس فیس 4گنابڑھ جائے گی، شہری زیادہ فیس سے بچنے کے لئے پہلے ہی ڈرائیونگ لائسنس بنوا لیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ 10ہزار سے زیادہ کم عمر ڈرائیورز اور لائسنس نہ رکھنے والے افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والے کے لئے کسی قسم کی معافی نہیں۔  وزیراعلی نے کہا کہ صحافی کالونی کے فیز کی طرف نہیں جارہے، لیکن پنجاب بھر کے ورکنگ جرنلسٹس کے لئے آئندہ چند روز میں فیصلہ کریں گے۔ کسی پریس کلب کے زیر سائے کالونی کا فیصلہ نہیں کررہے بلکہ پورے پنجاب کے ورکنگ جرنلسٹس کے لئے اعلان کریں گے۔  لاہور میں پورا پارکنگ مافیا ہے۔ نام لاہور پارکنگ کمپنی کا استعمال ہورہا تھا جبکہ وہی مافیا بیٹھا تھا۔ پارکنگ کے حوالے سے شکایات کو کنفرم کیا اور کمپنی کا ہیڈ تبدیل کر دیا۔ لاہور میں جرائم کی شرح 30 فیصد کم ہوئی ہے۔ محسن نقوی نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں پر پیشرفت کا مشاہدہ کیا۔ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آ ف کارڈیالوجی فنکشنل ہونے سے پی آئی سی پر مریضوں کا لوڈ کم ہوگا۔ لاہور جیسے بڑے شہر میں دل کے مریضوں کے لئے ایک نئے ہسپتال کی ضرورت بڑے عرصے سے تھی۔ وزیراعلی محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 54کنال اراضی پر بنایا جارہا ہے۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی 256 بستروں پر مشتمل ہوگا۔ محسن نقوی نے رات گئے جی او آر میں سابق نیول وار کالج کی عمارت اور قربان لائنز میں پولیس کے لئے زیر تعمیر اپارٹمنٹس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سابق نیول وار کالج کی عمارت میں سٹیٹ آف دی آرٹ کمشنر آفس بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے نئے کمشنر آفس کی تزئین و آرائش کے بارے میں بریفنگ دی۔  بریفنگ میں بتایا گیا کہ قربان لائنز میں پولیس کے لئے 6 منزلہ عمارت میں 24  اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔ چلڈرن ہسپتال کے دورے کے دوران بیمار بچی کے والد نے وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی آپ کو وزیراعظم پاکستان بنائے اور اللہ کرے کہ آپ صدا بہار وزیراعظم رہیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ بس دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔ پنجاب محسن نقوی نے  گزشتہ رات گئے لاہورچڑیا گھر کادورہ کیا۔ اپ گریڈیشن کے کام کا جائز ہ لیا، مقررہ وقت پر پارکنگ ایریا ڈویلپ نہ کرنے پر ناراضی کا اظہارکیا اور پارکنگ کے لئے ایریا جلد ڈویلپ کرنے کا حکم دیا۔

ای پیپر-دی نیشن