• news

لکی مروت: جھڑپ 2جوان: کوہاٹ، چوکی پر حملہ، 3 اہلکاروں سمیت 4 شہید،  2دہشت گرد ہلاک

کوہاٹ؍ لکی مروت؍ اسلام آباد (نامہ نگار+ خبر نگار+ نمائندہ خصوصی+خبر نگار  خصوصی +اے پی پی) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب واقع پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 3  پولیس اہلکار وں سمیت چار افراد کو شہید کر دیا گیا۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق  چیک پوسٹ پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب آخری پہر میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ میں تعینات پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ تین پولیس اہلکار وقار، امجد اور جنید سمیت  ٹول پلازہ کے ملازم نور محمد شہید ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ دہشت گرد  فرار ہوگئے۔ پولیس نے  علاقہ کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا۔ بعدازاں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی خیبر پی کے   اختر حیات سمیت  اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ آئی جی اختر حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کے پی کے پولیس نے بڑی قربانیاں دی ہیں جس کا ثمر لوگوں کو مل رہا ہے اور کے پی کے پولیس آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپنے مشن پر کاربند رہے گی۔ سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے چوکی پر حملے کی مذمت کرتے کہا پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ادھر خیبر پی کے کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے  تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے 2 جوان بھی شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشت گرد آفتاب عرف ملنگ، مسعود شاہ ہلاک ہوئے۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان (سپاہی محمد افضل اور سپاہی ابرار حسین) شہید ہوئے۔ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان سے اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن