بے غیرت دہشت گرد چھپ کر حملہ کرتے ہیں، بلوں سے باہر نکل کر لڑیں، جواب دیں گے: وزیراعظم
اسلام آباد+پشاور (خبرنگارخصوصی+بیورورپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدل اوربے غیرت ہیں جو چھپ کر حملے کرتے ہیں اگر ان میں حیا اور جرات ہے تو بلوں سے نکلیں سامنے آکر لڑیں، یہ 10 حملے کریں گے ہم ہزار بار جواب دیں گے، دہشت گرد کسی ہمدردی کے لائق نہیں، ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس پشاور میں خیبرپختونخوا پولیس دربار سے خطاب کے دوران کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہورہی ہے کہ شہید صفت اور ملک سعد شہیدجیسے قدر آور ہستیوں کے جو پیشہ ور ورثا ہیں آپ پوری ریاست کے ورثا ہیں،بدقسمتی سے جو احترام اور مقام کا آپ کا حق ہے وہ ہم ادا نہیں کرپاتے، پوری قوم خیبر پی کے پولیس کی مقرض ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف آرا رکھنے والے احادیث کا حوالہ دے کر فساد پیدا کرتے ہیں، یہ گرے ہوئے لوگ ہیں، کس نبی کے نام پر اے پی ایس میں ان کے ٹکڑے کئے؟ ان بے غیرتوں کو حیا آنی چاہیے، ہم ان سے نہیں ڈرتے، میں نے مر جانا ہے خودکش حملے میں بھی مارے جانا ہے، ہم ان کو علیٰ الاعلان کہتے ہیں یہ 10 حملے کریں گے ہم ہزار بار جواب دیں گے، یہ دین کے نام پر کس کو ڈراتے ہیں، زندگی اور موت کا فیصلہ اللہ کے ہاتھ میں ہے، جب تک آخری سانس ہے ایسی باتیں کرینگے، مزید شدت اوریقین کے ساتھ کریں گے۔نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیا کریں؟ ان کے سامنے سجدہ ریز ہوجائیں، یہ بزدل بے غیرت ہیں، چھپ کر حملے کرتے ہیں حیا اور جرات ہے تو بلوں سے باہر نکلیں اور سامنے آکر لڑیں۔ دہشت گردوں نے اپنی مرضی سے ریاست کے ساتھ جنگ شروع کرنے کا انتخاب کیا لیکن انجام ان کی خواہشات کے مطابق نہیں ہوگا۔ ریاست اس جنگ کو جیتے گی،کچھ وقت لگے گا لیکن جیتنا ہمارا مقدر ہے کیونکہ ہم سیدھے راستے پر ہیں۔ کسی طبقے کو یہاں کے قوانین سمجھ نہیں آرہے تو وہ کہیں اور چلاجائے ان کے ساتھ زور زبردستی نہیں، دنیا بھر میں سب کو یہی وردی دی گئی ہے اور سب کو ایک ہی اختیار دیا گیا ہے، خودکش حملہ آور ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں لیکن ہم حکمت اور ہمت سے یہ لڑائی لڑیں گے۔ شہداء یقیناً جنت کے مستحق ہیں جبکہ مخالف گروہ کا مقدر ہمیشہ کے لئے جہنم میں رہنا ہے۔ گران وزیر اعظم نے کہا کہ شہید صفت غیور اور شہید ملک سعد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سانحہ اے پی ایس میں دہشت گردوں کی بربریت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے ظلم کو کبھی نہیں بھلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موت ایک حقیقت ہے جو کسی بھی وقت آسکتی ہے اس لیے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ دہشت گردوں کے ہر حملے کا جواب زیادہ طاقت اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ وہ زندگی کے آخری لمحات تک ان کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ جو دہشت گرد مارے گئے ان کے نام کسی کو نہیں معلوم لیکن شہدا کے نام مدتوں یاد رکھے جائیں گے۔ ہمیں دانشمندی اور صحیح حکمت عملی سے لڑنا ہوگا۔ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا پولیس کے مطالبات پورے کرنے کا بھی اعلان کیا۔