شاہ محمود کے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور، ایاز میر کو الیکشن لڑنے کی اجازت
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے تین حلقوں سے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف شاہ محمود قریشی کی درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی۔ عدالت نے الیکشن کمشن سمیت فریقین کو آج کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ شاہ محمود قریشی کے پی پی 218،حلقہ این اے150,151سے کاغذات مسترد ہوئے تھے۔ ریٹرننگ افسر نے بیان حلفی رجسٹرڈ نہ ہونے کا الزام عائد کیا۔ شاہ محمود قریشی کے سائن اور نامکمل کاغذات کا الزام لگایا، اس وقت شاہ محمود قریشی جیل میں بند ہے ، دستخط شاہ محمود قریشی کے ہیں۔ دوسرے حلقے سے بھی ریٹرننگ افسر نے دستخط نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے تیں رکنی بنچ نے صحافی ایاز میر کے کاغذات کی منظوری کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے ایاز میر کو حلقہ این اے 60 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ٹربیونل نے کاغذات نامزدگی حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی منظور کیے۔ استدعا ہے کہ عدالت ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔