• news

دھند کے باعث ٹریفک حادثات، 4 افراد جاں بحق، 10 پروازیں منسوخ

لاہور (نمائندگان+ ایجنسیاں) شدید دھند کے باعث حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جبکہ پروازوں کی منسوخی بھی جاری رہی۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق نورپور تھل کے گاؤں چن سے واپس آنے والا رکشہ کریم کھیرا کے قریب ٹائر نکل جانے سے رکا ہی تھا کہ پیچھے سے آنے والے ٹرک نے رکشہ کو کچل دیا اور آدھی کوٹ کا 30 سالہ رکشہ ڈرائیور محمد وحید جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ عیسیٰ خیل کے علاقہ قمر آباد شریف کے قریب کتے کو بچاتے ہوئے تیز رفتار نے کار قلابازیاں کھاتے سڑک کنارے کھڑے باپ اور بیٹی کو کچل دیا جس میں بچی موقع پر جاں بحق اور باپ شدید زخمی ہو گیا۔ اسی طرح بھکر میں ڈیرہ اسماعیل خان روڈ موضع ممدانی کے قریب دھند کے باعث تیز رفتار کار اور بس کے تصادم میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق دو افراد شدید زخمی ہو گے۔ اور ریجن کے علاقہ عیسیٰ خیل خدزوائی کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 3افراد زخمی ہو گئے۔ جبکہ میانوالی سے ملتان روڈ پر موضع سلطان والا پل کے نزدیک دھند کی وجہ سے مسافر بس پیچھے سے ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں تین افراد شدید زخمی ہوگے۔ جن کو ہسپتال منتقل کر کے متوفیان کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کر دیں اور پولیس مصروف تفتیش ہے۔ دریں اثنا پنجاب اور خیبر پی کے میں دھند کے باعث مزید 10 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق شارجہ، دبئی سے پشاور اور جدہ سے ملتان کی پروازوں کو اسلام آباد اور لاہور منتقل کر دیا گیا۔ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی شارجہ سے پشاور کی پرواز پی کے 258 اسلام آباد میں اتاری گئی۔ جدہ سے پشاور کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 284 اسلام آباد منتقل کی گئی جبکہ جدہ سے ملتان کی پرواز پی کے 840 لاہور اتار لی گئی۔ کراچی سے اسلام آباد، سکھر، پشاور، لاہور کی 8 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ نجی ایئر لائن کی دبئی سے ملتان اور شارجہ سے پشاور کی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ جبکہ مختلف مقامات سے موٹر ویز بند رہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن