• news

نادرا نے 4 اضلاع کے ووٹرز کی جنس بدل دی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  نیشنل ڈیٹا بیس ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا)  کی جانب سے تیار انتخابی فہرستوں میں خامیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ 4 اضلاع میں خواتین کے نام مردوں اور مردوں کے نام خواتین کی انتخابی فہرستوں میں شامل کردیے گئے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نادرا کو مراسلہ جاری کردیا۔ مراسلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے نادرا کو انتخابی فہرستوں میں خامیاں دور کرنے کی ہدایت کردی۔ کئی شہروں میں ووٹرز کے تصویری الیکٹورل رول میں غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان، اورکزئی، ٹنڈو الہ یار اور کوئٹہ میں الیکٹورل رول میں خامیاں موجود ہیں۔ چاروں اضلاع میں مرد ووٹرز کو خواتین ووٹرز کے الیکٹورل رول میں شامل کر دیا۔ اسی طرح کوئٹہ اور اورکزئی میں مرد ووٹرز کا خواتین کی انتخابی فہرستوں میں اندراج کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نادرا کو انتخابی فہرستوں کی درستگی کی ہدایت جاری کردی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن