دانیال عزیز کا مسلم لیگ (ن) کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان
لاہور(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے اپنی جماعت مسلم لیگ (ن)کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا،مسلم لیگ ن کی جانب سے عام انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم میں دانیال عزیز کو نظر انداز کر دیا گیا جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے،مسلم لیگ ن نے نارووال کے حلقے سے دانیال عزیز جبکہ گجرات سے چودھری جعفر اقبال کو ٹکٹ جاری نہیں کیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ ہسپتال میں تھا اس لئے پارٹی ٹکٹ کیلئے اپلائی نہیں کر سکا تھا، انجان آدمی کو میری جگہ ٹکٹ دیا گیا ہے، یہ ن لیگ میں پاور پولیٹکس ہوئی، جو پرانے ہیں، انہوں نے اپنا زور کیا ہے، ضد پکڑ لی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کیلئے سب سے اہم معاملہ مہنگائی ہے، میں انتخابات میں حصہ لوں گا، میں نے مہنگائی ختم کر کے دکھانی ہے، اگر مہنگائی پر بات کرنے پر یہ سلوک ہوتا ہے تو ٹھیک ہے، میں بات کرتا رہوں گا، میں این اے 75سے الیکشن لڑوں گا۔دانیال عزیز نے مزید کہا کہ میری اہلیہ بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گی، میں نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی قیادت میں کسی سے بات نہیں کی۔