برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے کئی علاقوں میں سفر سے روک دیا
لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی فارن آفس نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو پاکستان کے بعض علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ برطانوی فارن آفس کو ایڈوائزری میں پاک افغان سرحد سے دس میل دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں برطانوی شہریوں کو باجوڑ، بنوں، بونیر، چار سدہ، ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر ، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، لوئر دیر، مہمند اورکزئی، پشاور، سوات، ٹانک، بشام داسو، سازن کیلئے این 15 پر بھی سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی اور این 45 پر شمالی مردان رنگ روڈ سے چترال شہر تک بھی نہ جانے کا مشورہ دیا۔ دوسری جانب برطانوی ایڈوائزری میں آزاد کشمیر کی لائن آف کنٹرول سے دس میل دور رہنے کی ہدایت کی گئی اور شمالی سندھ بشمول نواب شاہ میں ضروری سفر کے علاوہ دیگر مقامات پر سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں جانے والوں کی انشورنس قابل قبول نہیں رہے گی۔