• news

ترقی کا واحد راستہ تعلیم ،تعلیمی شعبے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے:وفاقی وزیر تعلیم

لاہور(لیڈی رپورٹر )نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے۔ ہمیں اپنی توجہ تعلیمی  شعبے پر دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار نے انہوں نے بطور مہمان خصوصی ایوان اقبال میں نجی یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر ندیم بھٹی،چیئرمین بورڈ آف گورنرز میاں ظہور وٹو سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کانووکیشن میں1080 طلبا وطالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر دلی خوشی ہوئی ہے، کانووکیشن ایک یادگار موقع ہوتا ہے۔ اس روز طلبا و طالبات اپنی محنت کا ثمر حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں،امید ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں میں پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کام کریں۔ جو پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔پاکستان میں سرکاری،نجی اور مدارس 3 طرز کی تعلیم دی جا رہی ہے جو ملک میں 3 مختلف طبقات پیدا کر رہے ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور سکول سے باہر بچوں کو واپس لانا ہے۔یونیورسٹی معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے،ایسے تعلیمی اداروں کی ملک کو اشد ضرورت ہے۔آخر میں مہمان خصوصی نے طلبا وطالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔

ای پیپر-دی نیشن