• news

پاکستان کو سپانسر ملے توبڑے سنوکر ایونٹ کی میزبانی مل سکتی ہے:عالمگیر شیخ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشین سنوکر کنفیڈریشن کے سینئر نائب صدر عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو سنوکر کے بڑے ایونٹ کی میزبانی مل سکتی ہے اگر کوئی سپانسر مل جائے۔ پاکستان میں کھیلنے کیلئے بھارت سمیت کئی ممالک نے دلچسپی ظاہر کی ہے، اور ہم ماضی میں ایشین اور ورلڈ چیمپئن شپ پاکستان میں کرا چکے ہیں۔انھوں نے کہا بڑے سپانسر نہ ہونے کی وجہ سے میزبانی کی بڈنگ میں پاکستان شامل نہیں ہو رہا، تاہم اگر کوئی سپانسر مل جائے تو رواں سال بڑے ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو مل سکتی ہے، چالیس سے پچاس ممالک کے اخراجات برداشت کرنا آسان نہیں ہوتا۔ کرکٹ میں بھارتی سیاست کا عمل دخل رہتا ہے لیکن سنوکر میں ایسا کچھ نہیں ہے، بھارتی سنوکر کھلاڑی پہلے بھی پاکستان میں کھیل چکے ہیں۔ پروفیشنل سرکٹ میں پاکستانی کیوئسٹ طویل دور نہیں گزار سکتے، پی بی ایس اے کے پاس اتنے فنڈز نہیں ہیں جو سپورٹ کر سکے، حکومت پہلے ہی پاکستان سنوکر کو سپورٹ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت سپانسر تلاش کر کے پروفیشنل سرکٹ کھیل رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن