جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ منظور جسٹس منصور ججز کمیٹی میں شامل
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ سٹاف رپورٹر) صدرِ مملکت عارف علوی نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ صدرِ مملکت نے جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظور کیا۔ بعدازاں وزارت قانون و انصاف نے جسٹس اعجاز الاحسن کے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ 11جنوری سے منظور ہوا ہے۔ سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر علی اکبر نقوی کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس اعجاز الاحسن گزشتہ روز مستعفی ہوگئے تھے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے رواں سال اکتوبر میں اگلا چیف جسٹس آف پاکستان بننا تھا اور اگست 2025 میں ریٹائر ہوجانا تھا۔ علاوہ ازیں جسٹس اعجاز الا حسن کے مستعفی ہونے کے بعد تین رکنی ججز کمیٹی میں جسٹس منصور علی شاہ شامل ہوگئے جبکہ جسٹس منصور علی شاہ سپریم جوڈیشل کونسل کا بھی حصہ بن گئے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی تشکیل بھی جسٹس اعجازالاحسن کے استعفے سے تبدیل ہوگئی۔