• news

پاکستان اٹلی سرمایہ کاری، تجارتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت: وزیراعظم

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان مائیگریشن،  زراعت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں اٹلی کے سفیراینڈریس فرارس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں نگران وزیراعظم نے دوطرفہ و اقتصادی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے اٹلی کے سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ اٹلی کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔ اٹلی کے سفیر نے پاکستان میں قیام کے دوران مثالی تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو اپنی سفارتی مدت کے دوران ہونے والی اہم پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے اٹلی کی اقتصادی ترقی میں پاکستانیوں کے گراں قدر خدمات کوسراہا۔ وزیر اعظم نے سبکدوش ہونے والے سفیر کی آئندہ ذمہ داریوں کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان ٹیلی ویژن، تھیٹر اور فلم کے ممتاز اداکار خالد بٹ کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم نے مرحوم کے لیے بلندی درجات کی دعا اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خالد بٹ پاکستانی ٹیلی ویڑن، تھیٹر اور فلم انڈسٹری کے انتہائی باصلاحیت اداکار تھے۔

ای پیپر-دی نیشن