مہنگائی میں تیزی، شرح 1.36 فیصد رہی، 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 8 میں کمی: ادارہ شماریات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) نئے سال 2024ء کے دوسرے ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔ تفصیالت کے مطابق نئے سال کے دوسرے ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں1.36 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی 44.2 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8 کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، چکن، انڈے، پیاز، ماچس اور دالوں سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں، جن میں ٹماٹرکی قیمت میں 15.63 فیصد، چکن کی قیمت میں 6.42 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 4.31فیصد، دال ماش کی قیمت میں 0.83، دال چنا کی قیمت میں 2.11 فیصد، پیاز کی قیمت میں 8.94فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 2.29فیصد اور ماچس کی قیمت میں 2.56 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں5.92 فیصد، دال مونگ قیمت میں 0.06 فیصد، کھانے پکانے کے تیل کی قیمتوں میں 0.17 فیصد جبکہ ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں 0.29 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.26فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.13 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں 0.43 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔