• news

پی پی‘ پی ٹی آئی‘ ن لیگ 100 برس بھی اقتدار میں رہیں تو ملک ترقی نہیں کرے گا: سراج الحق

  لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو ملک میں ترقی اور خوشحالی نہیں آ سکتی۔ قوم پر مہنگائی، بے روزگاری، غربت مسلط کرنے والی سابقہ حکمران پارٹیوں کو باریاں لگانے کا کوئی حق نہیں۔ حکمران خود عیاشیاں کرتے ہیں عوام کو کہتے ہیں صبر کرو، ان کی گاڑیوں میں جلنے والا تیل غریبوں کا خون پسینہ ہے۔ ظلم ونا انصافی کے خلاف جدوجہد کرو، کسی جابر اور ظالم کے سامنے جھکنے یا ڈرنے سے عوام کو ان کا حق نہیں ملے گا۔ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں گزشتہ 76 برسوں سے برہمن اور شودر کا نظام چل رہا ہے، اب اس طبقاتی تقسیم کو رخصت کرنے کا وقت آگیا، قوم کے پاس اپنا حق لینے کا بہترین موقع ہے۔ 8 فروری کو نورا کشتی اور منافقت کی سیاست دفن ہوجائے گی، ترازو ہی حقیقی تبدیلی لائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں ورکرز کنونشن اور صوابی میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ن لیگ کے حاجی معاذ اللہ خان، پی ٹی آئی کے مکرم خان، راج ولی خان اور ایوب خان نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کوئی ادارہ اور عدالت نہیں کرسکی، عوام سے اپیل کرتاہوں کہ ووٹ کے ذریعے ان کا احتساب کریں۔ انہوں نے شرکا سے کہا کہ وہ ترازو کے سفیر بنیں، انھوں نے کہا کہ بزدل حکمران کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش ہیں، نام نہاد بڑی پارٹیوں نے امریکا کے خوف سے غزہ پر ہونے والے مظالم کے بارے میں ایک لفظ نہیں کہا، یہ واشنگٹن کی خوشنودی سے اقتدار کی منزل حاصل کرتے ہیں۔ تینوں بڑی پارٹیوں کی پالیسیاں ایک جیسی ہیں، انھوں نے ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے لیے امریکی صدر سے بات تک نہیں کی، یہ حکمران اہل کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے۔ جماعت اسلامی ایسا پاکستان تشکیل دے گی جو امت کا حقیقی ترجمان ہو اور عالمی چیلنجز کا مقابلہ کر سکے۔

ای پیپر-دی نیشن