یوکرائن کا حملہ، 20افراد ہلاک، مشکل دور سے گزر رہے ہیں، روسی گورنر
ماسکو (این این آئی) یوکرائن کی سرحد سے متصل بیلگوروڈ پر یوکرائنی حملے میں 20سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ ادھریوکرائن کی سرحد سے متصل بیلگوروڈ کے روسی گورنر نے کہا ہے کہ ان کا خطہ یوکرائن کی حالیہ بمباری کے نتیجے میں مشکل دورسے گزر رہا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بچوں سمیت سینکڑوں رہائشیوں نے حملوں کے بعد علاقے کا دارالحکومت چھوڑ دیا ہے جس میں 20 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے۔ گورنر ویاچسلاو گلادکوف نے ماسکو میں ایک نمائش کے دوران کہا کہ بیلگوروڈ کا علاقہ مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزید حملوں اور گھروں کی تباہی کے خطرے کی وجہ سے سرحد کے قریب سکولوں نے فاصلاتی تعلیم کی طرف رخ کر لیا ہے۔