عاصمہ جہانگیر گروپ کے منیر بھٹی صدر لاہور بار منتخب
لاہور (خبر نگار+ نمائندگان) لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2024-25ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے منیر حسین بھٹی 3834 ووٹ لیکر صدر منتخب ہوگئے۔ نثار اکبر بھٹی 2931 ووٹ لیکر سینئر نائب صدر، رانا عمران سرور 2651 ووٹ لیکر نائب صدر، بلال آصف ملک 2242 ووٹ لیکر نائب صدر ماڈل ٹاؤن، وارث علی گجر 4212 ووٹ لیکر نائب صدر کینٹ سیٹ، رانا نعیم طاہر 4010 ووٹ لیکر سیکرٹری جنرل، راؤ تحسین شریف 2799 ووٹ لیکر سیکرٹری، رانا عمر فاروق 2705 ووٹ لے کرجوائنٹ سیکرٹری، زبیر گجر 5028 ووٹ لیکر فنانس سیکرٹری، عمران سید 3050 ووٹ لے کر لائبریری سیکرٹری اور روحانہ ایوب رانا 3302 ووٹ لے کر آڈیٹر منتخب ہوگئے۔ نو مختلف نشستوں پر 36 امیدواران نے مقابلہ کیا۔ لاہور بارکے نتائج آتے ہی وکلاء نے ہوائی فائرنگ کر دی۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تاہم وکلاء کی فائرنگ جاری رہی۔ بعد ازاں پولیس نے موقع سے دوڑ لگا دی۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے الیکشن میں جعلی ووٹ کاسٹ کرنے پر ہنگامہ آرائی ہوئی۔ پنجاب بار کونسل کے آبزرور نے الیکشن بورڈ کی رپورٹ پر ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کا الیکشن ملتوی کر دیا۔ رپورٹ میں صدر اور جنرل سیکرٹری کے امیدواروں پر بیلٹ باکس اور بیلٹ پیپر چھیننے کی کوشش کرنے کا بھی الزام۔ ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت 8 سیٹوں پر 25 امیدواروں میں مقابلہ تھا۔ پولنگ صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوئی جس میں دوپہر ایک تا دو بجے کھانے کا وقفہ کیا گیا۔ الیکشن بورڈ کی جانب سے پنجاب بار کونسل کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ چار بجے کے قریب امیدواران کے نمائندگان اور صدارت کے امیدوار نے الیکشن کے عمل میں رخنہ ڈالنا اور ہاتھا پائی شروع کر دی۔ مطالبہ کیا کہ الیکشن کو ملتوی کر دیا جائے۔ امیدواران کی منت سماجت بورڈ اور ابزرور نے کی اس پر پولنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا جو تقریبا ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔ جنرل سیکرٹری اور صدر کی سیٹ کے کچھ امیدواروں نے پولنگ کے عمل کو زبردستی سبوتاژ کیا۔ معاونین الیکشن بورڈ سے بیلٹ پیپر بکس اور کاپیاں چھیننے کی کوشش کی جبکہ دیگر امیدواران اور ان کے نمائندگان نے بیلٹ باکس اٹھا کر لے جانے کی بھی کوشش کی اور کاؤنٹر فائلز پر حملہ اور ہوئے جن کو بمشکل الیکشن بورڈ اور معاونین نے محفوظ کیاتا ہم کچھ بیلٹ پیپر جو کہ ممبران کو جاری ہو چکے تھے وہ ہمراہ لے گئے کیونکہ ان کو ووٹ کاسٹ کرنے نہ دیا گیا۔ڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ کے سالانہ انتخابات میں نصیرالدین خان نیئر گروپ کے امیدوارو ں نے میدان مار لیا ، صدارتی امیدوار میاں سجاد باقر ڈوگر 961ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ ان کے مقابل ولائت حسین گروپ کے رانا سرفراز احمد خاں 642ووٹ حاصل کر پائے جبکہ 11ووٹ مسترد ہوئے جنرل سیکرٹری کی نشست کیلئے چوہدری عباس علی چھینہ نے شیخوپورہ بار کی تاریخ میں سب سے زیادہ لیڈ کے ساتھ کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے 1099ووٹ حاصل کئے ان کے مقابل چوہدری محمد رشید کمبوہ صرف 501ووٹ حاصل کر سکے۔ 14ووٹ مسترد ہوئے۔ نائب صد ر کیلئے آغا طارق عزیز ملک 584ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے، ان کے مقابل امیدوار ضیاء اللہ بھٹی 532 اور حافظہ صالح سیرت 462ووٹ حاصل کرسکیں جبکہ 36ووٹ مسترد کئے گئے۔ شفیق الرحمن بھٹی جوائنٹ سیکرٹری، میاں محمد ارشد فنانس سیکرٹری، رائو امجد علی لائبریری سیکرٹری، سید اسد عباس اڈیٹر کے علاوہ 10 ایگزیکٹو ممبران رانا خرم شہزاد، صدیف اکبر کھوکھر، گلفام علی رضا ، مس رضا یاسین، عرفان ارشد وٹو، سجاد علی مرزا، رانا اویس شہباز، محمد رضوان ، ندیم خان شیروانی، میڈم شمیم انور بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ قصور ڈسٹرکٹ بار کے الیکشن 2024ء کے لئے آزاد گروپ کے فہد اکرم 1033 ووٹ لے کر کامیاب اتحاد و اتفاق گروپ کے صدر کے امیدوار چودھری رشید نواب نے 523 ووٹ حاصل کئے۔ جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر حمایت یافتہ احمد لطیف چودھری 1059 ووٹ لے کر کامیاب، عظمت علی 680 ووٹ لے کر نائب صدر جبکہ حافظ نسیم الحسن شاہ 780 ووٹ لے کر فنانس سیکرٹری منتخب جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر عمیر منظور 858 جبکہ لائبریری سیکرٹری کی سیٹ پر محمودہ عاشق 851 ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔