لیول پلیئنگ فیلڈ ملے نہ ملے 8 فروری کو سرپرائز دینگے، تیر سے شیر کا شکار کرنا ہے: بلاول
بہاول پور+اسلام آباد (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے الیکشن میں وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی اور پنجاب میں جیالا وزیراعلیٰ پنجاب بنے گا۔ ملک میں ایک سیاسی جماعت جیل سے بچنے کے لئے اور دوسری اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنے کے لئے الیکشن لڑ رہی ہے۔ صرف پیپلز پارٹی ہے جو عوامی مسائل کے حل کے لئے الیکشن میں حصہ لے رہی ہے۔ ڈرنگ سٹیڈیم کے ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ بلاول نے کہا ہم نے بہاولپور میں الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ہم الیکشن ذاتی مقصد کے لئے نہیں لڑ رہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک اس وقت مشکل میں معاشی بحران کا شکار ہے، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے ملک میں ایسے حالات ہو گئے ہیں کہ تاریخ میں ایسے حالات نہیں دیکھے۔ قائد عوام نے ملک کو ایک معاشی بحران سے نکالا آج ایک بار پھر ملک تاریخی معاشی بحران سے دوچار ہے۔ ہمیں ایک انقلابی معاشی پیکج کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایک بار پھر عوام دوست غریب دوست کسان دوست حکومت چاہئے جو کہ پیپلز پارٹی کی شکل میں موجود ہے کیونکہ پیپلز پارٹی ہی عوام کی نمائندگی کرتی ہے باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ میں نے عوام کے مسائل اور ملکی ترقی کے لئے اس الیکشن میں اپنا دس نکاتی منشور پیش کیا ہے کہ کارکن گھر گھر جائیں اور میرا دس نکاتی منشور عوام کو بتائیں۔ جنوبی پنجاب کے ہر ضلع میں مفت ہسپتال قائم کرینگے۔ بہاولپور میں آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرینگے، دل کے علاج کا ہسپتال بنائیں گے۔ عمران خان کی طرح ہمارے جھوٹے وعدے نہیں ہیں۔ شیر کا شکار بلے سے نہیں بلکہ تیر سے کیا جاتا ہے۔ شکار کا موسم ہے عوام تیر پر ٹھپہ لگا کر یہ ثابت کرینگے کہ کل بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے۔ اس موقع پر رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی ظفر وڑائچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم 8 فروری کو سرپرائز دیں گے۔ ہمارے اور دیگر جماعتوں کے نظریے میں فرق ہے۔ عوام کے م سائل حل کرنے کے لئے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ دیگر جماعتیں امیروں کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دیتی ہیں۔ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے ہم اپنا بندوبست کر لیتے ہیں۔ کوشش ہے پیپلز پارٹی کا وزیراعظم بنے۔ بانی پی ٹی آئی دھاندلی کروا کر مسلط ہونے کی کوشش کرتے ہیں بانی پی ٹی آئی ہمارا ساتھ دیتے توالیکشن اصلاحات مزید بہتر ہوتیں پچھلے الیکشن میں بانی پی ٹی آئی دھاندلی کرنے میں کامیاب ہوئے اب پیپلز پارٹی ڈرنے اور جھکنے والی نہیں ہم مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔