• news

مونس کی اپیلیں مسترد، قیصرہ الٰہی کو اجازت، جمشید مسرت، چیمہ نے کاغذات واپس لے لئے

لاہور +اسلام آ باد (خبر نگار+آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ )  الیکشن 2024 میں این اے 130 لاہور سے نواز شریف یاسمین راشد کے مدمقابل ہوں گے۔ لاہوراین اے 123سے شہبازشریف اور افضال عظیم مدمقابل ہوں گے جبکہ لاہوراین اے 117سے عبدالعلیم خان اور شاہدعباس پنجہ آزمائی کریں گے۔ این اے 127لاہور پر بلاول بھٹو اورعطاتارڑمدمقابل ہوں گے، این اے 122لاہور سے سعد رفیق اور لطیف کھوسہ ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گے۔ این اے 149ملتان سے عامرڈوگر اور جہانگیرترین ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے، این اے 248کراچی سے خالدمقبول اور پیپلزپارٹی کے حسن خان مدمقابل ہوں گے۔ کراچی این اے 241سے فاروق ستار اور خرم شیر زمان مدمقابل جبکہ این اے 33نوشہرہ سے پرویز خٹک کا شاہ احد مقابلہ کریں گے۔ این اے 44ڈ یرہ اسماعیل خان سے مولانا فضل الرحمان اور فیصل کریم کنڈی الیکشن میں مدمقابل ہوں گے جبکہ کوئٹہ این اے 264سے اختر مینگل اور جمال رئیسانی آمنے سامنے ہوں گے۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کا فیصلہ محفوظ، اہلیہ قیصرہ الہی اور بیٹا مونس الٰہی سمیت دیگر کے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت مکمل ہونے پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا۔ عدالت نے پرویز الہیٰ کی اہلیہ قیصرہ الہی کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کے صاحبزادے مونس الہی کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دی۔ کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست پر فیصلہ سنادیا۔ مونس الہی نے این اے 64، 69اور پی پی 32اور 34سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔سربراہ فل بینچ جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ پرویز الہی، فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر اور صنم جاوید سمیت پی ٹی آئی کے امیدواروں کی اپیلوں پر فیصلے اتوار صبح ساڑھے 10 بجے سنائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی، بانی پی ٹی آئی نے این اے 122 اور این اے 89 سے کاغذات مسترد کرنے سے متعلق ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے فواد چودھری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ نے حلقہ این اے 121اور پی پی 153سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ۔  لاہور ہائیکورٹ نے   این اے 159 سے  سلمان علی بابا کے کاغذات نامزددی مسترد  ہونے کیخلاف اپیل منظور کرئے ہوئے  کاغذات نامزدگی منظور کر لئے۔ این اے 56 سے میاں خرم رسول کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل مسترد کر دی ۔

ای پیپر-دی نیشن