یوکرائن کیلئے 2.3ارب ڈالر امداد، پیوٹن کو بتانا ہے ہم کیف کیساتھ ہیں : برطانوی وزیراعظم
لندن (این این آئی) جنگ زدہ یوکرائن کے دورے پر آئے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے 2.3 ارب ڈالر کی نئی فوجی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ برطانیہ کی جانب سے جنگ سے دوچار یوکرائن کے لیے حمایت کا مضبوط اشارہ ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی طرف سے یہ امدادی پیکج آنے والے سال میں بروئے کار ہو گا جو 2022 ء اور 2023 ء کے برسوں کے مقابلے میں200 ملین پائونڈ زیادہ ہے۔ رشی سونک کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق سونک نے کہا کہ اس امداد کے ذریعے یہ یقینی ہو جائے گا کہ اب تک کی سب سے بڑی امداد دی گئی ہے۔ یہ یوکرائن کے عوام کے لیے ایک مضبوط حمایت کا اشارہ ثابت ہو گا۔ اس کے ساتھ ہی بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو یہ باور رہنا چاہیے کہ ہم کہیں نہیں گئے، میں یہاں ہوں پورے اور واضح پیغام کے ساتھ ہوں کہ برطانیہ یوکرائن کے ساتھ کھڑا ہے۔ سونک نے یوکرائن میں ہنگامی حالات میں کام کرنے والے یوکرائنی کارکنوں سے ملاقات میں اور ان کے حوصلے کی تعریف کی۔