مہنگائی کے ذمہ دار احسن اقبال‘ پی ٹی آئی ٹکٹ الزام پر نوٹس بھیجوں گا: دانیال عزیز
ظفر وال (نوائے وقت رپورٹ) دانیال عزیز نے جلسہ سے خطاب کے دوران کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں پریشان ہیں، میرے مہنگائی پر بولنے کی وجہ سے مجھے یہ سزا ملی ہے۔ مہنگائی کا ذمہ دار احسن اقبال ہے، جس نے خود تصور کیا ہے کہ میری ٹیم کی غلطیاں تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کو روکنے کے لئے میں ان کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، مہنگائی سے میں خود تنگ آچکا ہوں۔ عام آدمی کا کس طرح گزارا ہو رہا ہوگا؟ دانیال عزیز نے کہا کہ یہ الیکشن مہنگائی کرنے والے اور مہنگائی روکنے والوں کا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے نوجوان نسل ملک چھوڑ رہی ہے۔ دانیال عزیز نے اعلان کیا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگانے پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو ہرجانے کا نوٹس بھیجوں گا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھاکہ میں کوئی اڈے نہیں چلاتا نہ ٹرانسپورٹ کا کبھی کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال ثابت کریں کہ میں نے پی ٹی آئی کا ٹکٹ اپلائی کیا تھا، سوشل میڈیا پرکردار کشی کیسے کر سکتا ہوں؟ میرا اکاؤنٹ عرصے سے ان ایکٹو ہے۔ میرے خلاف نوٹس جاری کرنے پر احسن اقبال نے قیادت کو مجبور کیا۔ خیال رہے کہ شکرگڑھ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے الزام لگایا تھاکہ دانیال عزیز اندرونی طور پر پی ٹی آئی کی ٹکٹ کی دوڑ میں تھے۔ پی ٹی آئی نے گھاس نہ ڈالی تو آخری روز ٹکٹ لینے پہنچ گئے۔