ن لیگ برسر اقتدار آ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 8 فروری کو ن لیگ دوبارہ برسر اقتدار آ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ خواجہ محمد آصف نے الیکشن کمپین کے سلسلہ میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہنستا بستا پاکستان تھا، چند لوگوں کی خاطر میاں نواز شریف کو ہٹایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لیڈر پر سارے کے سارے مقدمات چوری کے ہیں۔ ان کے لیڈر پر زکوٰۃ چوری، توشہ خانہ چوری جیسے مقدمات ہیں۔ میاں نواز شریف کے وقت بجلی سات آٹھ روپے یونٹ تھی، میاں نواز شریف کے ترقی کے دور کو روکا گیا۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ سفر کیا ہے الفاظ کی جنگ نہیں کر سکتا تاہم سخت زبان استعمال ضرور کرتا ہوں، لحاظ بھی کرتا ہوں، عثمان ڈار کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ چوک میں کھڑے ہو کر تقریر کر دی گھر کی خواتین کو الیکشن میں آگے کر دیا۔ عدالتی کارروائی آئینہ کی طرح شفاف ہے۔ 8 فروری کو فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ 2018ء کے الیکشن کو ہم نے قبول کیا تھا۔ بہت سے لوگ آزاد الیکشن لڑ رہے ہیں، ان سے شناخت کا چھن جانا بھی انکی اپنی غلطی ہے۔