• news

انڈر19ورلڈکپ کیلئے تیار‘ٹیم متحد‘ٹرافی جیتنے کی کوشش کرینگے : اذان اویس 

 لاہور (سپورٹس رپورٹر) اذان اویس سیالکوٹ کے ٹیلنٹ سلسلے کی تازہ ترین مثال ہیں۔ وہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے پہلے انڈر 19 ورلڈ کپ میں قابل ذکر کارکردگی دینے کیلئے تیار ہیں۔جونیئر بیٹر اذان اویس نے کہا کہ صرف آٹھ سال کا تھا جب میں نے کرکٹ شروع کی میرے والد مجھے تربیت کیلئے اکیڈمی لے گئے۔ مجھے اپنی پڑھائی کی وجہ سے کچھ وقت کیلئے کھیل چھوڑنا پڑا لیکن سیالکوٹ کے جناح سٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد میری کھیلنے کی تڑپ پھر سے جاگ اٹھی۔ میرے والد نے میرے لیے بہت قربانیاں دی ہیں کیونکہ انہوں نے وقت اور توجہ دی اور میری بہت مدد کی۔میں بائیں ہاتھ کے بیٹر کے طور پر الیسٹر کک اور سعید انور کو فالو کرتا ہوں۔ کک رن مشین تھے اور وہ میراتھون اننگز کھیلتے تھے جبکہ سعید بھائی دلکش سٹروک کھیلتے تھے۔پاکستان انڈر19 ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے بارے میں  کہا کہ کوچز نے ہمیں جنوبی افریقہ کی وکٹوں میں باؤنس کے بارے میں بتایا اور کیمپ کے دوران ہمیں اسی طرح کے حالات میں تربیت دلائی۔ ہم نے سناریو میچ کھیلے ہیں۔ کچھ نیٹ سیشن بھی رہے، ہم ایک متحد ٹیم ہیں اور پاکستان کیلئے ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن