عوام ووٹ کا صحیح استعمال کر کے ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں: زبیر ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ ووٹ کا صحیح استعمال ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ کسی صورت کرپشن، ناانصافی اور جھوٹ کی حمایت نہ کرے بلکہ صرف اور صرف باکردار اور اسلامی سوچ رکھنے والوں کو ہی ملک و قوم کی خدمت کیلئے منتخب کر کے اسلام اور عوام سے محبت کا ثبوت دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 163 میں اسلامی جمہوری اتحاد کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی میاں محمد اصغر کی انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمد اصغر نے کہا کہ میں عوام اور ملک کی خدمت کے لئے انتخابی میدان میں اترا ہوں۔ انشاء اللہ میں حلقہ کے تمام عوام کی سوچ اور جذبات کے معیار پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ سید طاہر شاہ بخاری، محمد شہباز سلفی، حافظ محمد ذوالقرنین، حاجی عبد الرحمن، محمد کشمیر خان اور ناظم محمود ڈوگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔