• news

عدم اعتماد نہ لاتے تو روٹی 500 روپے کی ہو جاتی: سعد رفیق 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) (ن) لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف عدم اعتماد نہ لاتے تو پاکستان دیوالیہ ہو کر سری لنکا بن جاتا۔ انتخابی حلقے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد نہ لاتے تو روٹی500 اور ڈالر ہزار روپے کا ہو جاتا، ہم نے سیاست قربان کر کے ریاست کو بچایا۔ انہوں نے کہا  کہ ایسے وقت میں الیکشن آئے جب پاکستان بھنور میں پھنسا ہو ا ہے، پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک نہیں۔ علاوہ ازیں  تھنک فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے ہی کئے غیر قانونی اقدامات کی سزا بھگت رہے ہیں۔ اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے حوالے سے بہت پہلے کیسز کر رکھے تھے، پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات درست نہیں کروائے۔ انہوں نے کہا کہ کہ سپریم کورٹ نے رولز کو دیکھتے ہوئے فیصلہ دیا، پی ٹی آئی سے غلطی ہوئی انہیں معلوم نہیں تھا کہ الیکشن کمشن میں کیس چل رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن