• news

ترقی (ن) لیگ دور میں ہوئی، مفاد پرست پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے: عارف سندھیلہ 

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سابق ایم پی اے امیدوار این اے115اور پی پی 141عارف خان سندھیلہ نے کہا پی ٹی آئی نے ایک مرتبہ پھر قومی اداروں اور عوام کو دھوکہ دینے کیلئے پی ٹی آئی این کی جعلی ٹکٹ جاری کیے مگر الیکشن کمشن نے بر وقت کارروائی کر کے اس جعلسازی کے غبارے سے ہوا نکال دی۔ اس مفاد پرست جماعت پی ٹی آئی پر مکمل پابندی لگائی جائے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا‘ دہشتگردی ختم کی‘ بجلی کے نئے کارخانے، موٹرویز، میٹرو بس اوررنج ٹرین، لیپ ٹاپ سکیم سمیت دیگر سینکڑوں ایسے منصوبے دیئے جس سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ( ن) نے شیخوپورہ میںبعض ایسے ٹکٹ جاری کیے جو پارٹی کی بدنامی کا باعث ہیں اور ووٹر کا منفی ردعمل بھی آئے گا۔ عارف خان سندھیلہ نے کہا مجھے پارٹی ٹکٹ تو نہیں دیا گیا پھر بھی میں نواز شریف اور ان کی فیملی کے ساتھ 32سال سے کھڑا ہوں۔ میں نے قائد کیلئے اپنا 10سالہ غیر ملکی کیریئر قربان کیا۔ میں نے کبھی بھی جیل سے معافی نامے نہیں دیئے۔ انہوں نے کہا 8 فروری کو (ن) لیگ دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ قومی معیشت تباہ اور ملک کو انتشار کی آگ میں جھونکنے کی سازش کرنے والوں کو عوام اپنے ووٹ سے شکست فاش دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن