مقبوضہ وادی کے حقیقی مالکان پناہ گزین کیمپوں میں مصائب برداشت کر رہے ،مشعال ملک
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نیکہا ہے کہ مہاجرین میں موسم سرما کی کٹس تقسیم کرنے کا مقصد ان بہادر افراد اور خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے جوبھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی وجہ سے اپنے وطن سے دور رہنے پر مجبور ہیں،مقبوضہ وادی کے حقیقی مالکان پناہ گزین کیمپوں میں مصائب برداشت کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری پناہ گزین کیمپ مظفرآباد میں مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین میں موسم سرما کی کٹس تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشعال حسین ملک آزاد جموں و کشمیر کے 2 روزہ دورے پر ہیں جو آزاد جموں و کشمیر میں سخت موسمی حالات کے چیلنجوں کا سامنا کرنے والے مہاجرین کو ریلیف فراہم کرنے کی مہم کی قیادت کر رہی ہیں، معاون خصوصی کی فوکل پرسن سبین حسین ملک اور ڈی جی لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ڈاکٹر رحیم اعوان معاون خصوصی کے ہمراہ ہیں۔مشعال حسین ملک نے مہاجرین میں موسم سرما کی کٹس تقسیم کیں جن میں ضروری اشیاجیسے گرم کپڑے، کمبل، تھرمل موزے، دستانے اور دیگر اشیاشامل ہیں۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی مہاجرین سے گھل مل گئیں اور ان سے بات چیت کی۔