مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے غیر کشمیریوں کو سہولت فراہم کی جا رہی: حریت کانفرنس
سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے غیر کشمیریوں کو زمینیں اور جائیدادیں خریدنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور اس کے حقیقی شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بے گھر کیا جا رہا ہے۔ غلام محمد خان سوپوری، محمد سلیم زرگر، ایڈووکیٹ ارشد اقبال، حفظہ بانو اور شفیق الرحمان نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری بھارت کا جابرانہ فوجی قبضہ اورریاستی دہشت گردی علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بڑی وجہ ہے ۔شمالی کشمیر میں بھارتی فورسز کے ایک اہلکار نے خودکشی کر لی۔ بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے ضلع پلوامہ میں خودکشی کر لی۔ سی آر پی ایف اہلکار نے ضلع کے علاقے پانپورہ میں واقع گرڈ سٹیشن پر اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ دوسری جانب نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ 26 جنوری کی تقریبات کے پیش نظر جموں اور سری نگر میں فوجی چھاونی کا منظر پیش کر رہی ہے۔26 جنوری کی تقریبات سے قبل ہی مقبوضہ کشمیر میں تلاشی محاصرے کی کارروائی تیز ہوگئی ہے ۔ سرینگر اور جموں میں 26جنوری کی تقاریب کے پیش نظر دونوں شہروں میں فورسز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی ہے جموں شہر میں سختی بڑھا دی گئی ہے۔