ٹکٹ نہ ملنے پرنائب صدر ن لیگ سمیرا ملک، راجہ عتیق مستعفی
لاہور (نیٹ نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کی نائب صدر سمیرا ملک نے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی۔ سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک نے صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ کو اپنا استعفیٰ ارسال کر دیا ہے۔ پارٹی ممبر شپ بھی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق سمیرا ملک نے ن لیگ سے خواتین کی مخصوص نشست کا ٹکٹ مانگا تھا اور ٹکٹ نہ ملنے پر اپنا استعفیٰ رانا ثناء اللہ کو بھیج دیا ہے۔ سمیرا ملک کے ترجمان سمیع الحق اعوان نے کہا ہے کہ پارٹی نے نظرانداز کیا۔ اب سمیرا ملک الیکشن میں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کریں گی۔ انہوں نے این اے 87 کے ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا تھا لیکن قیادت نے شاکر بشیر اعوان کو جاری کر دیا۔ ادھر مری میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ن لیگ میں شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔ نائب صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب راجہ عتیق سرور بھی مستعفی ہو گئے۔ انہوں نے کہا پی پی 6 کا ٹکٹ پی پی 7 کو دینا مری اور کوٹلی ستیاں کے عوام کی توہین ہے۔