پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ پر ملبہ ڈالنا ناانصافی، ن لیگ اکیلے کھیلنا چاہتی ہے: بلاول
قمر شہداد کوٹ (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قمبر شہداد کوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن نزدیک آ رہے ہیں، پرانے سیاستدان نفرت ا ور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں۔ بلے کا نشان جانے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں سے ہمدردی ہے۔ پی ٹی آئی کارکن عدلیہ کو الزام دینے کی بجائے وکلاء کی کمزوریوں کا جائزہ لیں۔ چیف جسٹس نے سیاسی فیصلے دینے کی روایت توڑ دی ۔ انہوں نے قانونی فیصلہ دیا۔ غربت ا ور بے روزگاری اولین ترجیح ہے۔ اب ہمیں الیکشن نزدیک نظر آ رہا ہے۔ مسلم لیگ ن اپنے مخالفین کو پچ سے آئوٹ رکھنا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ ن کی سیاست جمہوری نہیں رہی، وہی پرانی سیاست ہے جس کا سب کو علم ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ سیاست نہیں کرنا چاہتی بلکہ سیاسی مخالفین کو پچ سے آؤٹ رکھنا چاہتی ہے اور اکیلے کھیلنا چاہتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ ن لیگ کے دباؤ میں آکر آر اوز نے چکوال، تلہ گنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لاہور سے ہمارے بعض امیدواروں کو تیر کا نشان نہیں دیا، عدالت بھی جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں پی ٹی آئی سے ہونے والے معاملے کا فائدہ اٹھانیکی کوشش کر رہی ہے۔ الیکشن میں مقابلہ اب شیر اور تیر میں ہے۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ن لیگ کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور انہیں ناکام بنائیگی، جن کی غلط فہمی ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے ان کا نقصان ہوگا، الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کی تو نقصان ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کسی سیاسی جماعت کو اس کے انتخابی نشان سے محروم کیاجائے، پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن درست طریقے سے نہیں کرایا، قاضی فائز عیسٰی جب سے چیف جسٹس پاکستان بنے قانون پرعمل درآمدکرکے فیصلے دیتے ہیں، پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ پر سارا ملبہ ڈالنا نا انصافی ہے ، پی ٹی آئی کارکن عدلیہ کے بجائے اپنے اندر دیکھیں کہ خامیاں کہاں ہیں۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری لاہور محلہ میں پی پی رہنما اسد کھوڑو کی رہائشگاہ پہنچے،اسکے ہمراہ پی پی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔