سٹاک مارکیٹ میں مندا رہا‘ انڈیکس میں 368پوائنٹس کی کمی
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روزکاروباری اتارچڑھاؤ کے بعد مارکیٹ کا اختتام مایوس کن رہا۔ کے ایس ای-100 انڈیکس میں 368 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ایک موقع پر مارکیٹ میں 536پوائنٹس کی تیزی لیکن کاروبار کے اختتام تک مثبت رجحان منفی میں تبدیل ہوگیا۔ انڈیکس 0.57 فیصد تنزلی کے بعد 64 ہزار 269 کی سطح پر آگیا۔ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 64 ارب 4 کروڑ 33لاکھ 63ہزار933روپے گھٹ کر 93کھرب 89ارب63کروڑ36لاکھ 69ہزار567روپے رہ گیا جبکہ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کے مقابلے میں 40.61 فیصد گھٹ گیا۔ کے ایس ای30انڈیکس 21548.42 پوائنٹس سے کم ہو کر21545.04پوائنٹس پر آگیا، آل شیئرز انڈیکس296.63پوائنٹس سے گھٹ کر 43443.50 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس547.65پوائنٹس خسارے سے 108798.03 پوائنٹس پربند ہوا۔ پیر کو14ارب روپے مالیت کے 38 کروڑ 20لاکھ 12ہزار304 حصص کے سودے ہوئے۔