علیم خان سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، انتخابات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
لاہور (نیوز رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے کینیڈا کی ہائی کمشنر لزلی سکین لون نے ملاقات کی جس میں دونوں کے مابین آئندہ عام انتخابات، موجودہ ملکی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپنی گفتگو میں صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک ایک مرتبہ پھر انتخابی عمل کی طرف بڑھ رہا ہے اور پاکستان کا مستقبل مضبوط منتخب حکومت اور ٹھوس فیصلو ں سے ہی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین دو طرفہ تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں تاکہ دونوں ممالک میں پہلے سے موجود دوستانہ روابط مزید مضبوط ہو سکیں۔ کینیڈین ہائی کمشنر مس لزلی سکین لون نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات کے انعقاد اور جمہوری عمل کے تسلسل کے خواہاں ہیں اور صحت مند سیاسی ماحول اور شہریوں کو ووٹ کا حق ملنا انتہائی خوش آئند امر ہے۔ عبدالعلیم خان اور لزلی سکین لون نے ایک دوسرے کے لئے مثبت خواہشات کا اظہار کیا جبکہ اس ملاقات کے اختتام پر دونوں کے مابین تحائف کا بھی تبادلہ خیال ہوا۔